لاہور :علیمہ خان،عمران خان کی بیماری کیش کرانا چاہتی ہیں: محسن نقوی

لاہور (نامہ نگار) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی آنکھ سے متعلق معاملے پر پروپیگنڈا کیا گیا اور اس پر بھرپور سیاست کی گئی، علیمہ خان بانی کی بیماری کو کیش کرانا چاہتی ہیں۔

لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علاج کے معاملے میں ہر قیدی کو آئین و قانون کے تحت سہولت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے معروف آئی اسپیشلسٹ کا نام دینے کی پیشکش کی، تاہم ایک ہفتے کے لیے اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ ممکن نہیں تھا۔ سرکاری اور نجی شعبے کے بہترین ڈاکٹروں سے معائنہ کرایا گیا۔

وزیرِ داخلہ کے مطابق بیرسٹر گوہر کو بھی ڈاکٹرز کی موجودگی کا جائزہ لینے کی دعوت دی گئی، تاہم وہ نہ آ سکے۔ بعد ازاں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی و سینیٹ پمز پہنچے اور ڈاکٹروں سے بریفنگ لی۔ ان کے بقول متعلقہ ڈاکٹروں نے علاج کو تسلی بخش قرار دیا۔

محسن نقوی نے الزام عائد کیا کہ علیمہ خان کی وجہ سے میڈیکل چیک اپ کے معاملے کو سیاسی رنگ دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو آنکھ میں انجیکشن لگایا گیا اور احتیاطاً اسپتال جا کر علاج کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے پر سیاست نہیں کرنا چاہتی، طبی رپورٹ بھی آ چکی ہے اور اگر کوئی مزید ٹیسٹ درکار ہوں تو کرائے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیگر قیدیوں کی طرح بانیٔ پی ٹی آئی کو بھی قواعد کے مطابق سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور تمام امور ریکارڈ کا حصہ ہیں۔ وزیرِ داخلہ نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے مطابق خیبر پختونخوا میں بند سڑکیں بحال کی جائیں گی اور امن و امان کی صورتِ حال کو خراب کرنے کی کسی کوشش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔