لاہور (نمائندہ خصوصی) فاطمہ جناح میڈیکل کالج کی 22 سالہ طالبہ فریحہ افراہیم ہاسٹل کی تیسری منزل سے گر کر جاں بحق ہو گئی۔ طالبہ ایم بی بی ایس فائنل ائیر کی اسٹوڈنٹ اور آزاد کشمیر کی رہائشی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے اور اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ تفتیش ورثاء کے بیانات کی روشنی میں آگے بڑھائی جائے گی۔
رجسٹرار فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے مطابق حادثہ شام سوا 7 بجے پیش آیا۔ طالبہ کو ہاسٹل سے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن جانبر نہ ہو سکی۔حادثے کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو 24 گھنٹوں کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
پولیس کے مطابق تفتیش میں یہ دیکھا جائے گا کہ طالبہ خود گری، اسے دھکا دیا گیا یا خودکشی کی گئی، تمام پہلوؤں پر غور کیا جائے گا۔رجسٹرار نے بتایا کہ میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے تاکہ طالبہ کی حالت اور واقعے کے حقائق کا مکمل جائزہ لیا جا سکے، اور متعلقہ اداروں کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔

