فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست
انگلینڈ سے ایک گھنٹے قبل ٹیم جوائن کرنے والے سکندر رضا مقدر کے سکندر بن کر آۓ اور ٹیم کو چیمپئن بنا دیا
سری لنکن کوشل پریرا کا بھی لاٹھی چارج نوجوان اوپنر محمد نعیم کی بھی عمدہ بیٹنگ
لاہور: سکندر رضا کی دھواں دھار اور کوشل پریرا کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندر نے پی ایس ایل سیزن 10 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری مرتبہ پی ایس ایل کا چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا .

لاہور قلندر نے پی ایس ایل سیون اور ایٹ سیزن بھی اپنے نام کیا تھا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بناۓ۔حسن نواز نے لاہور قلندر کے باؤلرز کی خوب دھلائی کی اور چار چھکوں ،آٹھ چوکوں کی مدد سے 76 رنز بناۓ جبکہ فہیم اشرف نے جارحانہ انداز اپناتے ہوۓ تین چھکوں اور اور دو چوکوں کی مدد سے 8 گیندوں پر 28 رنز سکور کۓ،اویشکا نے پانچ چوکوں کی مدد سے 29 ،چندی مل اور روسو نے 22 22 رنز بناۓ۔

لاہور قلندر کی طرف سے شاہین آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ حارث رؤف،سلمان مرزا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں،رشاد حسین اور سکندر رضا ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے لاہور قلندر کو 202 رنز کا ٹارگٹ دیا جس کے جواب میں لاہور قلندر نے مطلوبہ ٹارگٹ 19.5 اوورز میں ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد حاصل کر لیا۔

لاہور قلندر کی طرف سے محمد نعیم،عبداللہ شفیق کی جارحانہ بیٹنگ نے لاہور قلندر کی بیٹنگ کو اچھا آغاز فراہم کیا جو زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکا محمد نعیم نے اپنے بلے کا آزادانہ استعمال کرتے ہوۓ 6 دھواں دار چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بناۓ،عبداللہ شفیق نے 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے41 رنز بناۓ۔ اس کے بعد کوشل پریرا اور سکندر رضا نے کوئٹہ گلیڈی کے باؤلرز کی خوب درگت بنائی.
کوئٹہ گلیڈی ایٹر کا ایک موقع پر پلڑا بھاری دکھائی دے رہا تھا لیکن کوشل پریرا اور انگلینڈ سے ایک گھنٹہ قبل ٹیم جوائن کرنے والے سکندر رضا نے بازی پلٹ دی ۔کوشل پریرا نےچار چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 62 رنز ناٹ آؤٹ بناۓ جبکہ سکندر رضا نے22 رنز ناٹ آؤٹ بناۓ۔لاہور قلندر نے پی ایس ایل سیزن 10 کا میلہ لوٹنے کے ساتھ ساتھ لاہوریوں کے دل بھی جیت لیۓ۔ میچ کے اختتام پر سٹیڈیم کے اندر اور باہر موجود شائقین نے لاہور قلندر کی فتح کا جشن منایا۔

