لاہور: معروف مزاحیہ شاعر و نعت گو سید سلمان گیلانی انتقال کرگئے

لاہور (نمائندہ خصوصی)معروف مزاحیہ شاعر اور نعت گو سید سلمان گیلانی طویل علالت کے بعد قضائے الٰہی سے انتقال کرگئے، مرحوم کی عمر 74 برس تھی۔اہل خانہ کے مطابق سید سلمان گیلانی دل اور جگر کے عارضے میں مبتلا تھے اور کچھ عرصے سے لاہورکے شیخ زید اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ مرحوم نے ایک بیٹا اور دو بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔

مرحوم کے صاحبزادے اسامہ نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ان کے والد کو گزشتہ چند روز سے نمونیا کا عارضہ بھی لاحق تھا، ان کی نماز جنازہ آج ان کی رہائش گاہ وحدت روڈ پر ادا کی جائے گی۔سید سلمان گیلانی کو مذہبی اور ادبی حلقوں میں خاص مقام حاصل تھا۔ وہ ختمِ نبوت کے پرجوش حامی اور تحریک ختمِ نبوت کے معروف رہنما سید امین گیلانی کے صاحبزادے تھے۔

اپنے والد کی طرح دینِ اسلام، نعتِ رسول ﷺ اور سماجی موضوعات پر منفرد انداز میں شاعری کی۔سید سلمان گیلانی 1951 میں لاہور میں پیدا ہوئے اور زندگی بھر ادب، مذہب اور سماجی مسائل پر قلم اٹھاتے رہے۔ ان کی کتاب “میری باتیں ہیں یاد رکھنے کی” بھی مقبول رہی، جس میں ان کی یادداشتیں اور واقعات شامل ہیں۔