لاہور میں سات روزہ انسداد پولیو مہم کے اہداف مکمل، 22 لاکھ بچوں کو قطرے پلاۓ گئے

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے وفد نے کاکرکردگی کو سراہا، وزیر اعلیٰ پنجاب
کا زیرو پولیو ویژن یقینی بنایا جائے گا: ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز

ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ لاہور نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “پولیو فری پنجاب” ویژن کے تحت سات روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران شاندار کامیابی حاصل کی ہے، جس کے نتیجے میں شہر کے 22 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف 100 فیصد سے بھی زائد مکمل کر لیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ڈی سی آفس میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب خان نیازی، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مبصرین اور تمام ڈی ڈی ایچ اوز شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران سی ای او ہیلتھ نے بریفنگ دی کہ ضلعی انتظامیہ لاہور کی فعال حکمت عملی کی بدولت نہ صرف مقامی بلکہ بسنت کے موقع پر لاہور آنے والے مہمان بچوں کی ایک بڑی تعداد کو بھی کامیابی سے ویکسین دی گئی ہے، جس کے لیے شہر کے داخلی راستوں اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیو ٹیمیں مسلسل متحرک رہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مبصرین نے پولیو ورکرز کی کارکردگی اور فیلڈ میں ان کے محنتی جذبے پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ لاہور کے اقدامات کو سراہا۔ ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے اس موقع پر زور دے کر کہا کہ پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو موذی مرض سے محفوظ رکھنا ہمارا قومی فریضہ ہے اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا بھرپور تعمیری کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ لاہور کو مستقل طور پر پولیو فری بنایا جاسکے۔