لاہور (رپورٹ: محمد بابر) لاہور میں فرنچ اور جرمن سنٹر کے اشتراک سے الحمراء آرٹس کونسل میں بین الاقوامی شہرت یافتہ پیانو پلیئر جوئینا گوڈیل کے کنسرٹ کا انعقاد کیاگیا۔تقریب میں فرنچ ایمبیسی اسلام آباد کے کلچرل اتاشی زکریا حفار ڈائریکٹر فرنچ سنٹر لاہور فیبرس ڈسٹڈیئر، کلچرل آفیسر اینی صوفیہ فرنکائیس، جرمن سنٹر لاہور کی ڈائریکٹر نورین ذکی، آواری ہوٹل کے کلسٹر جنرل مینجر اولیوئر فرینکائس سمیت ملکی و غیر ملکی مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
فرنچ ایمبیسی کے کلچرل اتاشی زکریا حفار کا کہنا تھا کہ موسیقی کی زبان پوری دنیا میں سمجھی جاتی ہے اس کا تعلق خواہ کسی بھی ثقافت سے ہو، پاکستان میں فرانسیسی سفارت خانہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عوام کو ایک دوسرے کی ثقافت سے روشناس کرانے میں بھی کوشاں ہیں اور یہ پیانو کنسرٹ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں منعقدہ پیرس اولمپک کی کامیابی فرانس کے ساتھ ساتھ کھیلوں سے محبت کرنے والے ہر شخص کیلئے مسرت کا باعث ہے، ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی نے کھیلوں کے اس عالمی مقابلے کو ہمیشہ کیلئے پاکستانی عوام کے ذہنوں میں بھی نقش کردیا ہے۔ برٹش ترکش فیملی میں پیدا ہونے والی جوئینا نے جنیوا سے پیانو میں ماسٹر ڈگری حاصل کرنے کے بعد دنیا کے بہترین پیانو پلیئرز سے کلاسیکی موسیقی کی تربیت حاصل کی اوراب تک کئی ممالک میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکی ہے۔
لاہور کی خوبصورت شام میں جوئینا کے فن سے محظوظ ہونے کے لئے موسیقی کے دلدادہ لاہوریوں کی بڑی تعداد نے الحمراء ہال کا رخ کیا۔ کنسرٹ شروع ہوتے ہی جوئینا نے پیانو پراپنی انگلیاں جمائیں تو ہال میں موجود سینکڑوں مردو خواتین دم بخود رہ گئے اور اگلے ڈیڑھ گھنٹے تک پیانو کی مسحور کن دھنوں میں کھوئے رہے۔ جوئینا نے ابتداء میں کلاسک دھنیں پیش کیں جس کے بعد انہوں نے پاکستانی فنکاروں کے ساتھ فیوژن میں بنائی دھنیں بھی بجائیں جنہیں حاضرین نے خود سراہا۔ پروگرام کی خاص بات جوئینا کی جانب سے عالمی شہرت یافتہ گلوکار اورموسیقار استاد نصرت فتح علی خان کومقامی فنکاروں کے ہمراہ پیش کیا جانے والا ٹربیوٹ تھا۔ آخر میں انہوں نے دما دم مست قلندر کی دھن بجاکر میلہ لوٹ لیا اور شائقین کئی منٹ تک کھڑے ہوکر انہیں داد دیتے رہے۔