سال 2025 کے دوران بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے منصوبوں میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ شہر لاہور میں تعمیر کیے جانے والے 10 انڈرگراؤنڈ میگا واٹر سٹوریج ٹینکس کے منصوبے حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ اس حوالے سے سیکرٹری ہاوسنگ پنجاب نورالامین مینگل کو تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی، جو ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد کی جانب سے تیار کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق قذافی سٹیڈیم انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینک کا کام 100 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ کوپر روڈ واٹر ٹینک 98 فیصد اور کریم پارک واٹر ٹینک کا 97 فیصد سول ورک مکمل ہو چکا ہے۔ گارڈن ٹاؤن واٹر ٹینک 96 فیصد اور اقبال ٹاؤن واٹر ٹینک 94 فیصد تک مکمل ہو چکے ہیں۔ اسی طرح وارث روڈ اور ریلوے سٹیشن کے انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینکس کا کام 91 فیصد مکمل کیا جا چکا ہے۔ تاجپورہ انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینک 65 فیصد جبکہ شمع روڈ واٹر ٹینک کا کام 45 فیصد تک مکمل ہو چکا ہے۔
سیکرٹری ہاوسنگ نورالامین مینگل کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر شہر لاہور میں جدید انجینئرنگ حل متعارف کروائے گئے ہیں۔ انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینکس کے یہ منصوبے حکومت کی جدت پسند اور مستقبل بین ترجیحات کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اربن فلڈنگ کو شہری زندگی کا معمول سمجھ لیا گیا تھا، تاہم موجودہ حکومت نے اس مسئلے کے پائیدار حل کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔سیکرٹری ہاؤسنگ کے مطابق آئندہ سال لاہور سمیت دیگر شہروں میں بھی مزید واٹر ٹینکس کے منصوبے متعارف کروائے جائیں گے تاکہ بارش کے پانی کے بہتر انتظام اور شہری سیلاب سے موثر طور پر نمٹا جا سکے۔

