نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کوالیفائر کے ساتویں روز پول اے میں کراچی ریجن بلوز اور کوئٹہ ریجن نے اپنے میچز جیت لیے۔ پول اے میں کراچی بلوز لگاتار تین فتوحات کی مدد سے پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ اسلام آباد اور کوئٹہ کے چار چار پوائنٹس ہیں۔کراچی بلوز کے خلاف آزاد جموں کشمیر کی ٹیم 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنا سکی۔آزاد جموں کشمیر کی جانب سے حسنین ندیم 59 رنز بنا کر نمایاں رہے، بلوز کے وہاج ریاض اور رحمان غنی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں کراچی بلوز نے کپتان غازی غوری کے 37 گیندوں پر 50 رنز کی بدولت ہدف 19 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔عثمان رحیم نے 19 گیندوں پر 33 جبکہ پلیئر آف دی میچ وہاج ریاض نے 12 گیندوں پر ناقابل شکست 15 رنز بنائے۔آزاد جموں کشمیر کی جانب سے فیضان سلیم کی تین وکٹیں۔ ساتویں راؤنڈ کے دوسرے میچ میں کوئٹہ کی ٹیم نے لاڑکانہ کے خلاف 62 رنز کی اہم فتح حاصل کی۔
لاڑکانہ نے کوئٹہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، پلیئر آف دی میچ بسم اللہ خان کی 51 اور یاسر خان کی 45 رنز کی اننگز کی بدولت کوئٹہ نے 20 اوورز میں 186 رنز بنائے۔ جواب میں لاڑکانہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنا سکی، غلام رضا کی نصف سنچری بھی کام نہ آئی۔
ٹورنامنٹ میں آج پول بی کے دو میچز کھیلے جائیں گے، حیدرآباد کا مقابلہ فاٹا اور بہاولپور کا سامنا ڈیرہ مراد جمالی سے ہوگا۔ آٹھویں، نویں اور دسویں رائونڈ کا پہلا میچ چار بجے شروع ہوگا اور ایک گھنٹے کی اننگز بریک ہوگی، جبکہ دوسرا میچ رات سوا نو بجے شروع ہوگا.

