لاہور ٹیسٹ: تیسرا دن ، پاکستان کو جیت کیلئے 8 وکٹیں درکار، جنوبی افریقہ 226 رنز پیچھے

لاہور (اسپورٹس ڈیسک) — قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، جہاں پاکستان کو جیت کے لیے 8 وکٹیں جبکہ جنوبی افریقہ کو کامیابی کیلئے226 رنز درکار ہیں۔

277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے دن کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز بنائے۔ ریان ریکلٹن 29 اور ٹونی ڈی زورزی 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

اس سے قبل پاکستان اپنی دوسری اننگز میں صرف 167 رنز پر ڈھیر ہوگیا۔ بابراعظم نے 42، عبداللہ شفیق نے 41، جبکہ سعود شکیل نے 38 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کے متھوسوامی نے ایک بار پھر شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہارمر نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پہلی اننگز میں پاکستان نے 378 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 269 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے 6 اور ساجد خان نے 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

میچ کے تیسرے دن بھی اسپنرز کا جادو برقرار رہا اور وکٹیں تیزی سے گرتی رہیں۔ اب جنوبی افریقہ کو کامیابی کے لیے 226 رنز درکار ہیں جبکہ پاکستان کو جیت کے لیے صرف 8 وکٹیں حاصل کرنی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں