لاہور: پاکستان ہاکی ٹیم کی موجودہ مینجمنٹ کو مصر نہ بھیجنے کا فیصلہ

لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا مؤقف تسلیم کر لیا گیا، ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے موجودہ مینجمنٹ کو مصر میں شیڈولڈ ایونٹ میں ٹیم کے ساتھ نہ بھیجنے کا فیصلہ کر لیا گیا، نئی مینجمنٹ کا اعلان جلد متوقع ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین احمد وانی نے آسٹریلیا اور ارجنٹینا کے دورے پر جانے والی قومی ٹیم کی مینجمنٹ سے ملاقات کی، جس کی قیادت قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان کر رہے تھے۔ملاقات میں دورہ آسٹریلیا کے دوران پیش آنے والے بدنظمی کے واقعات پر ٹیم مینجمنٹ کا مؤقف سنا گیا۔

محی الدین احمد وانی نے مینجمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ قاہرہ میں ہونے والے ورلڈکپ کوالیفائر سے متعلق امور جاری رکھیں، تاہم وفد نے درخواست کی کہ انہیں مستقبل کے دوروں میں بہتری اور کھلاڑیوں کی پیشہ ورانہ تربیت و ترقی سے متعلق جامع رپورٹ تیار کرنے کی اجازت دی جائے۔

صدر پی ایچ ایف نے وفد کی درخواست منظور کرتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ مصر روانگی کے بجائے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی رہنمائی کے لیے مفصل رپورٹ کی تیاری پر توجہ دیں۔