لاہور پریس کلب ہاﺅسنگ سکیم فیز ٹو کے لئے 250 ایکڑ زمین مختص کر دی گئی جو لاہور ملتان روڈ پر ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب واقع ہے۔ لاہور پریس کلب ہاﺅسنگ سکیم فیز ٹو کے تمام ممبران جنھیں الاٹمنٹ لیٹر جاری کئے گئے ہیں وہ اپنے الاٹمنٹ لیٹرز لاہور پریس کلب میں 25 جنوری تک جمع کرائیں گے جس کے لئے بنک ڈرافٹ کی ضرورت نہیں جبکہ نان ممبران ڈی جی پی آر اپنے الاٹمنٹ لیٹرز جمع کرائیں گے۔
پلاٹوں کی قرعہ اندازی کے بعد ساٹھ ساٹھ ہزار کی دو اقساط جمع کرانا ہوں گی۔ فیز ٹو کی 250 ایکڑ زمین کی خریداری کے لیے حکومت پنجاب روڈا کو قیمت ادا کرے گی جبکہ ممبران صرف ڈویلپمنٹ چارجز ادا کریں گے۔ یہ فیصلے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی سربراہی میں پنجاب جرنلسٹس ہاوسنگ فاﺅنڈیشن کے اجلاس میں کئے گئے۔ اجلاس میں سی ای اوز روڈا عمران امین، پی جے ایچ ایف کے ڈی ایم ڈی اویس نواز، لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور بورڈز کے دیگر ممبران بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں سی ای او روڈا نے بتایا کہ لاہور ملتان روڈ پر واقع 250 ایکڑ زمین فیز ٹو کے لئے مختص کر دی گئی ہے جس کا راستہ پارک ویو ہاو¿سنگ سوسائٹی اور ایڈن ہومز ہاو¿سنگ سوسائٹی کے درمیان سے ہوگا جبکہ اس کے تمام ترقیاتی کام بھی روڈا کرے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ دو ہفتے کے اندر اندر فیز ٹو کے کلب ممبران اپنے فارمز کلب میں اور نان ممبران اپنے فارمز ڈی جی پی آر میں جمع کرادیں جبکہ تمام الاٹیز کے لئے یکساں شرائط ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ صحافی کالونی ہربنس پورہ میں فوری طور پر کمرشل ایریا کی تعمیر کی جائے گی جبکہ میں روڈ پر واقع پلی میں توسیع کر کے نیا پل تعمیر کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں بتایا گیا کہ ایف بلاک کے مین گیٹ کی تعمیر شروع کی جارہی ہے جس کے لئے دو ڈیزائن بھی پیش کئے گئے لیکن اسے مزید بہتر اور خوبصورت ڈیزائن بنانے پر اتفاق ہوا اور جلد ڈیزائن کی اپروول کے بعد اس کی تعمیر شروع ہو جائے گی۔ بورڈ کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ صحافی کالونی ہربنس پورہ کے انتقال کی بحالی کے لئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سے بات کی جائے اور اس کی بحالی کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی جائے۔
لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کہا کہ ہم دعوے نہیں کام کرتے ہیں،ہم نے الیکشن سے قبل کہا تھا کہ سال 2025 فیز ٹو اور ایف بلاک کی ڈویلپمنٹ کا سال ہوگا اور جو کام صحافی کالونی ہربنس پورہ میں رہ گئے ہیں وہ بھی اسی سال مکمل ہوں گے۔ اور سال 2025 ان کے لئے تحفہ ہے اس سال انھیں الاٹمنٹ لیٹرز کے بعد پلاٹوں کی بیلٹنگ بھی کرادی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ ساٹھ ہزار روپے فارمز کے ساتھ فوری دینا بھی ممبران کے لئے انتہائی مشکل ہے اس لئے اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ فارمز جمع کر لئے جائیں اور پلاٹوں کی بیلٹنگ کے بعد پیسے جمع کروائے جائیں اور اس فیصلے کی تائید وزیر اطلاعات پنجاب اور سیکرٹری اطلاعات پنجاب نے بھی کی۔ اس موقع پر صدر ارشد انصاری نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ، وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے صحافیوں سے جو وعدے کئے اس کی تکمیل کے لئے پر عزم ہے۔