ممبران یونین کی سالانہ فیس 30 اکتوبر تک جمع کروائیں تاکہ بروقت الیکشن کروائے جاسکیں:ایگزیکٹو کونسل
وزیر اطلاعات اور وزیر قانون فوری طور پر آئی ٹی این ای کے نئے چیئرمین کی تعیناتی کریں:صدر نعیم حنیف
365 نیوز اور جنگ گروپ میں میں میڈیا ورکرز کو تنخواہ کی ادائیگی میں تاخیر پر اظہار تشویش
نیوز ون چینل نےتنخواہ ادا کردی مگر بقایا دو تنخواہیں بھی فوری ادا کی جائیں : سیکرٹری قمرالزمان بھٹی جنرل
دنیا نیوز میڈیا گروپ ورکرز کو ترقی دے تنخواہ میں اضافہ کرےجو گزشتہ کئی سال سے نہیں ہوا: ایگزیکٹو کونسل
لاہور (نمائندہ خصوصی) پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس صدر نعیم حنیف کی زیر صدارت لاہور پریس کلب میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایجنڈے کے تحت ڈیجیٹل میڈیا کی ممبر شپ سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا جبکہ یونین کی سالانہ فیس 30 اکتوبر تک ہر صورت مکمل کرکے ممبر شپ لسٹ سیکرٹری جنرل کو جمع کروانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ پی یوجے کے سالانہ انتخابات مقررہ مدت 30 جنوری 2026 تک ممکن ہو سکیں ۔

اجلاس میں میڈیا اداروں میں درپیش میڈیا ورکرز کو درپیش مسائل پر بھی غور کیا گیا ۔ صدر پی یوجے نعیم حنیف اور جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ کئی میڈیا اداروں میں ملازمین کو سیلری کی بروقت ادائیگی تاخیر کا شکار ہے جبکہ کئی اداروں میں ملازمین کو کافی عرصہ سے سالانہ ترقی نہیں دی گئی اور نہ ہی تنخواہ میں اضافہ کیا گیا۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف کا کہنا تھا اس حوالے سے میڈیا ورکرز کے لئے آئی ٹی این ای کا ادارہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں سے ورکرز کو ریلیف ملتا ہے اور آئی ٹی این ای کے سابق سبکدوش ہونے والے چیئرمین شاہد محمود کھوکھر نے اپنے دور تعیناتی میں میڈیا ورکرز کی بڑی تعداد کو ریلیف دیا مگر اب ان کے جانے کے بعد چیئرمین کا عہدہ خالی ہے جس کے باعث میڈیا ورکرز کے کیسز التواء کا شکار ہیں۔

انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سے آئی ٹی این ای کے نئے چیئرمین کی فوری تعیناتی کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والے چیئرمین شاہد محمود کھوکھر کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ۔ اجلاس میں ٹی وی چینل 365 نیوز میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا جائزہ لیا گیا جبکہ جنگ گروپ کے ادارے روزنامہ جنگ، دی نیوز اور جیو نیوز میں تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ایگزیکٹو کونسل نے اس معاملہ میں میڈیا مالکان اور انتظامیہ کو سیلری کی ادائیگی کے لئے خطوط لکھنے اور سوشل میڈیا پر مہم چلانے کا فیصلہ کیا ۔
اجلاس میں پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے بتایا کہ نیوز ون کی انتظامیہ نے یونین کے قائدین کے رابط کرنے پر کراچی اور لاہور میں ایک ماہ کی تنخواہ ادا کر دی ہے ۔ایگزیکٹو کونسل نے قرار دیا کہ یہ امر خوش آئندہ ہے کہ نیوز ون کی انتظامیہ نے اپنے ورکرز کو تنخواہ کی فوری ادائیگی کی ہے تاہم اس ادارے میں اگست کی تنخواہ کی ادائیگی کے بعد ستمبر اور اس ماہ کے بعد اکتوبر کی ادائیگی زیر التوا ہے اس لئے نیوز ون کی انتظامیہ بقایا تنخواہیں بھی فوری ادا کرئے۔
اجلاس میں دنیا نیوز میڈیا گروپ سمیت دیگر اداروں میں کئی سال سے سالانہ ترقی اور تنخواہ نہ بڑھانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ دنیا نیوز سمیت دیگر ادارے اپنے ملازمین کو سالانہ ترقی اور تنخواہ میں اِضافہ کریں ۔ اجلاس میں ڈیجیٹل میڈیا کی ممبر شپ سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ، ممبر ایگزیکٹو کونسل نائلہ ندیم کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل میڈیا کی ممبر شپ نئے دور کا تقاضہ ہے مگر اس ممبر شپ میں پی ایف یوجے کے آئین کے تحت صحافی کے بنیادی معیار کو پیش نظر رکھا جائے.
خواجہ احسان احمد اور کاشف سلیمان کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت جس طرح کسی غیر صحافی کو ممبر شپ دی نہیں دی جا سکتی اسی طرح ڈیجیٹل میڈیا میں کام کرنیوالے این ایل ای ۔ گرافک ڈیزائنر اور ویڈیو آپ لوڈر کو ممبر شپ نہیں دی جاسکتی ۔اجلاس میں پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ،سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ، ممبر ایگزیکٹو کونسل پرویز الطاف ، کاشف سلیمان ، خواجہ احسان احمد، نائلہ ندیم ، افضل ایوبی ، جمال احمد شریک ہوئے ۔

