لاہور چیمبر کے آئی ٹی فری لانسنگ ایوارڈز 2025، گورنر پنجاب نےفری لانسرز کو اعزازات سے نوازا

لاہور(نمائندہ خصوصی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سیکنڈ آئی ٹی فری لانسنگ ایوارڈز 2025کی تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم نے صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری کے ہمراہ محمد ذوہیب ایوب سمیت فری لانسرز کو ایوارڈز دئیے ۔

تقریب کا مقصد گمنام ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنا تھا جو ملک کیلئے بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے محمد ذوہیب ایوب سمیت 22 باصلاحیت فری لانسرز کو مختلف شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی پر ایوارڈز سے نوازا گیا ۔

گورنر پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فری لانسرز صرف ماہرین نہیں بلکہ ہیروز ہیں جو پاکستان کی عالمی ساکھ کو بہتر بنانے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ زرمبادلہ لا کر معیشت کو سہارا دے رہے ہیں، جدت کو فروغ دے رہے ہیں اور بین الاقوامی نیٹ ورکس قائم کر رہے ہیں۔

لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ فری لانسنگ پاکستان کی ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت، ثابت قدم اور عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل ہیں۔ فری لانسنگ کے ذریعے وہ قیمتی زرمبادلہ لا رہے ہیں اور پاکستان کی نرم طاقت کو فروغ دے رہے ہیں۔

نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے کہاکہ فری لانسنگ اب ثانوی پیشہ نہیں رہا بلکہ ایک مضبوط اقتصادی ستون بن چکا ہے۔میاں انجم نثار نے کہا کہ فری لانسرز پاکستان کی معیشت کا وہ خزانہ ہیں جسے ابھی پوری طرح استعمال نہیں کیا گیا۔فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو حوصلہ افزائی، مواقع اور ادارہ جاتی معاونت کی  اشد  ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں