لاہور (کرائم سیل) لاہور میں ڈی ایس پی عثمان حیدر کی بیوی اور بیٹی کی گمشدگی کا معمہ حل ہو گیا، ڈی ایس پی عثمان حیدر نے دورانِ تفتیش بیوی اور بیٹی کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔
ڈی آئی جی ذیشان رضا کے مطابق ملزم نے بیوی اور بیٹی کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ عثمان حیدر نے ایک ماہ قبل اپنی بیوی اور بیٹی کی گمشدگی کی ایف آئی آر تھانہ برکی میں خود درج کروائی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق بیٹی کی لاش کاہنہ جبکہ بیوی کی لاش شیخوپورہ کے علاقے سے برآمد کر لی گئی ہے۔ دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

