لاہور (ایجنسیاں)لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ/بھاٹی چوک کے قریب کھلے سیوریج مین ہول میں گرنے سے خاتون اور اس کی کمسن بیٹی جاں بحق ہوگئیں۔ریسکیو ٹیمیں اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئیں اور کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد خاتون کی لاش سیوریج لائن سے برآمد کرلی گئی جبکہ بعد ازاں بچی کی لاش بھی تقریباً 17 گھنٹے بعد آؤٹ فال روڈ سے ملی۔
ریسکیو حکام کے مطابق دونوں ماں بیٹی داتا دربار کے قریب پرندہ مارکیٹ کے علاقے سے گزر رہی تھیں جہاں ترقیاتی کام کے باعث بعض مقامات پر حفاظتی انتظامات ناکافی تھے۔واقعے کے بعد اعلیٰ سطح کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی جبکہ متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے ابتدائی طور پر خاتون کے شوہر سمیت تین افراد کو حراست میں لیا تھا تاہم بعد میں انہیں رہا کر دیا گیا۔

