کراچی (شوبز ڈیسک/نمائندہ خصوصی) معروف اداکارہ میمونہ قدوس نے ایک پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا ہے کہ کراچی کے لوگ اتنے پروفیشنل ہیں کہ وہ گرل فرینڈ بنانے کے معاملے میں بھی ڈیل پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں کے لوگ مطلب کے بغیر کوئی کام نہیں کرتے اور ہر معاملے کو ایک معاہدے کی صورت میں دیکھتے ہیں۔
اداکارہ نے گفتگو کے دوران شوبز انڈسٹری کے حوالے سے بھی کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کی شوبز انڈسٹری میں زیادہ “گند” پایا جاتا ہے اور یہیں سے ہم جنس پرستی کا رجحان شروع ہوا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ لاہور میں اس قسم کی سرگرمیاں سرِعام پارٹیز میں ہوتی ہیں، جب کہ کراچی میں اگرچہ یہ سب موجود ہے مگر زیادہ تر نجی محفلوں تک محدود ہے۔
میمونہ قدوس نے کہا کہ لاہور کے لوگ زیادہ دکھاوا کرتے ہیں، ان کے پاس لاکھوں نہیں ہوتے مگر باتیں کروڑوں کی کرتے ہیں، اس کے برعکس کراچی کے لوگ پروفیشنل ضرور ہیں لیکن اتنے پروفیشنل ازم میں انسانیت بھی پیچھے رہ گئی ہے۔
اداکارہ نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے لڑکے لڑکی کو یہ ڈیل دیتے ہیں کہ اگر گرل فرینڈ بننا ہے تو یہ سہولتیں ملیں گی، اگر نہیں تو کوئی مسئلہ نہیں۔
انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ شوبز انڈسٹری میں کاسٹنگ کاؤچ (کام کے بدلے جنسی تعلقات) کا رجحان موجود ہے اور اس کا شکار صرف خواتین نہیں بلکہ مرد بھی ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق عزت صرف خواتین کی نہیں ہوتی اور ہراسانی کا سامنا مرد حضرات کو بھی کرنا پڑتا ہے۔

