لاہور :گلبرگ کےانڈیگو ہوٹل میں آتشزدگی، 3 افراد جاں بحق، 8 زخمی

لاہور (اے پی، ریسکیو حکام) پاکستان کے مشرقی شہر لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع ایک ہوٹل کے بیسمنٹ میں آگ لگنے سے کم از کم 3 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق ہفتے کے روز انڈیگو ہوٹل کے بیسمنٹ میں آگ بھڑک اٹھی.

جس کے بعد ہوٹل میں موجود نجی اکیڈمی کے سو سے زائد طلبہ علم اپنی مدد آپ کے تحت جان بجانے میں کامیاب ہوئے، مہمانوں اور عملے کے افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ پنجاب ایمرجنسی سروسز کا کہنا ہے کہ سرچ اور ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ آگ پر بھی قابو پا لیا گیا ہے۔

امدادی ٹیم نے جھلسنے والے 37 سالہ مبین، 18 سالہ علی اور 22 سالہ راشد کو بھی طبی امداد کیلئے سروسز اسپتال منتقل کیا۔ جبکہ پطرس مسیح، پہلوان مسیح اور مقصود کو موقع پر طبی امداد دی گئی۔فائر بریگیڈ حکام آتشزدگی کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں، ابتدائی طور پر گیس لیک ہونے کے امکان پر غور کیا جا رہا ہے۔

ریسکیو ٹیم نے تین فلوز پر مشتمل بیسمنٹ سے ہوٹل ملازم 30 سالہ عمران اور 25 سالہ شہریار عمر 30 سالہ ریاض کو تشویشناک حالت میں ریسکیو کیا تاہم اسپتال منتقلی پر ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔ جان بحق ہوئے والے تینوں افراد ہوٹل کے ملازم تھے۔

متاثرہ عمارت چار کنال رقبے پر مشتمل 19 منزلہ پلازہ ہے، جس میں تین بیسمنٹ قائم ہیں۔ آتشزدگی کے باعث پلازے کا بیسمنٹ ون شدید متاثر ہوا ہے۔آتشزدگی کے وقت ہوٹل میں ایک نجی اکیڈمی کی تقریب جاری تھی، جس کے باعث عمارت میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ہوٹل کی بیسمنٹ میں آتشزدگی کے باعث بالائی منزلیں بھی دھویں سے بھر گئیں۔