لاہور :گلبرگ کےانڈیگو ہوٹل میں آتشزدگی،مالک سمیت 6 افراد کیخلاف مقدمہ

لاہور(نمائندہ خصوصی)لاہور کے علاقے گلبرگ کے ایک نجی ہوٹل میں آگ لگنے کے واقعے کے بعد مقدمہ ہوٹل مالک اور انتظامیہ سمیت 6 افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ہوٹل انتظامیہ نے بیسمنٹ میں غیر قانونی بوائلر نصب کر کے گیس سپلائی کی تھی، جس کے پھٹنے اور گیس لیکیج سے ہوٹل میں آگ بھڑک اُٹھی۔ اس واقعے میں ہوٹل انتظامیہ کی غفلت کے باعث 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے، جبکہ آتشزدگی سے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ بوائلر آپریٹر ناتجربہ کار تھا اور انتظامیہ کو فائر سیفٹی کیلئے نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا، جسے نظر انداز کیا گیا۔واضح رہے کہ گلبرگ میں واقع 19 منزلہ ہوٹل میں آگ بوائلر پھٹنے سے بیسمنٹ میں لگی، جس کے بعد ریسکیو حکام نے عمارت میں موجود 100 سے زائد طلبہ سمیت 200 سے زائد افراد کو محفوظ نکالا۔