لاہور (نمائندہ خصوصی)لاہور میں بسنت کے حوالے سے تیسرے روز بھی پتنگوں اور ڈور کی خرید و فروخت عروج پر رہی، تین روز کے دوران 54 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ڈور اور گڈی فروخت ہوئیں۔ تیسرے روز مختلف مارکیٹس میں 5 لاکھ سے زائد گڈے اور پتنگیں فروخت کی گئیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ڈیڑھ تاوا گڈا 650 روپے، ایک تاوا 450 روپے جبکہ پونا تاوا 250 روپے میں فروخت ہوتا رہا۔ کائٹ ایسوسی ایشن کے عہدیدار کے مطابق دو پیس ڈور کا پنا 7 سے 8 ہزار روپے جبکہ چار پیس کا پنا 12 سے 15 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ذرائع کے مطابق پہلے روز 16 کروڑ روپے، دوسرے روز 18 کروڑ روپے جبکہ تیسرے روز 20 کروڑ روپے کی خرید و فروخت ہوئی۔

