لاہور:9 مئی کیسز کا فیصلہ — شاہ محمود قریشی بری، دیگر رہنماؤں کو سزائیں

لاہور(نمائندگان)انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی 2023 کے دو مقدمات میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا، جبکہ یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمرسرفراز چیمہ کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی۔

عدالت نے راحت بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے اور تھانہ شادمان کو آگ لگانے کے کیسز میں یہ فیصلے سنائے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو تھانہ شادمان جلانے کے مقدمے میں 5، 5 سال قید کی سزا دی گئی۔

اس سے قبل 22 جولائی کو بھی لاہور اور سرگودھا کی انسدادِ دہشت گردی عدالتوں نے 9 مئی کے دیگر کیسز میں کئی رہنماؤں اور کارکنان کو 10، 10 سال قید کی سزائیں سنائیں، جن میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بچھر، سابق ایم این اے بلال اعجاز اور متعدد دیگر شامل تھے۔

پس منظر میں، 9 مئی 2023 کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک گیر احتجاج میں فوجی، سول اور نجی تنصیبات پر حملے، جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے واقعات پیش آئے، جن میں جانی و مالی نقصان ہوا۔ ملک بھر میں 1900 سے زائد گرفتاریاں عمل میں آئیں اور سینکڑوں مقدمات درج ہوئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں