کراچی : لبنان میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا، پہلی خصوصی پرواز کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کرگئی۔ لبنان میں جاری کشدگی کے بعد وہاں پھنس جانے والے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے والی خصوصی پرواز کراچی پہنچ گئی۔
غیرملکی ایئرلائن کی پرواز لبنان میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کرکراچی پہنچی۔ ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی، ایف آئی اے، اے ایس ایف اور دیگر متعلقہ اداروں نے ایئرپورٹ پر خصوصی انتظامات کیے تھے۔
ایئر 320 ساختہ خصوصی طیارہ رات ایک گھنٹے کی تاخیر سے 2 کے بجائے رات 3 بجے کراچی ایئر پورٹ پر اترا۔۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ایم کیو ایم رہنما حفیظ الدین اور صوبائی وزیر اکرام اللہ دھاریجو ائیرپورٹ پہنچ کر گرم جوشی سے پاکستانیوں کا استقبال کیا۔
مذکورہ خصوصی پرواز سے70پاکستانی شہری لبنان سے وطن واپس پہنچ گئے، اس موقع پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے، واپس آنے والے مسافر عزیز و اقارب سے گلے ملتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے۔
لبنان سے آنے والے 70 مسافروں کے چہروں پر خوشی کے آثار نمایاں تھے، خیریت سے وطن واپس آنے پر پاکستانیوں نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پاکستانیوں کی باحفاظت وطن واپسی ممکن بنائی، سفارتخانے کے بروقت اقدامات نے پاکستانیوں کی فوری واپسی میں اہم کردار ادا کیا۔
وفاقی وزیرخالد مقبول صدیقی نےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے تمام چیزوں کو پلان کیا ہوا ہے جو کچھ مشرق وسطیٰ میں ہورہا ہے اس کے اثرات کئی دہائیوں تک رہیں گے۔
صوبائی وزیراکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پاکستانی عوام کو مبارکباد دیتاہوں، حکومت نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، یہ حکومت کا بڑا اقدام ہے۔