لبنان میں اسرائیلی حملہ، سابق فوجی افسر سمیت خاندان کے 9 افراد شہید

بیروت (ایجنسیاں) اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے العقبہ محلے میں ایک تین منزلہ مکان کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔

رپورٹس کے مطابق یہ مکان ریٹائرڈ لبنانی فوجی افسر یوسف ردا رمل کا تھا، حملے کے باعث پورا مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں یوسف رمل، ان کی اہلیہ ندال، ان کی بیٹی، ایک شامی شہری اور اس کی اہلیہ شامل ہیں۔ زخمیوں میں سابق دویر کے میئر ابراہیم رضا رمل بھی شامل ہیں۔

حملے کے نتیجے میں علاقے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، متعدد مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے اور کئی گاڑیاں جل کر تباہ ہوگئیں۔ امدادی کارروائیوں کے لیے شہری دفاع اور مقامی ہیلتھ اتھارٹی کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔