اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ لبنان کو ایک اور غزہ بننے نہیں دیا جا سکتا، لبنان اسرائیل جنگ کو ہر صورت روکنا ہوگا۔
عرب نیوز کو انٹرویو میں سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ ہمیں لبنان کو غزہ کی طرح کھنڈرات میں تبدیل ہونے سے روکنا ہے، لبنان کو ایک اور غزہ نہیں بننے دیا جا سکتا۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ غزہ جنگ طویل ہو گئی ہے، اور بدترین تباہی کے ساتھ شہری تکلیف میں ہیں۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے لبنان پر بھی بدترین بمباری شروع کر دی ہے۔
دوسری طرف اسرائیلی حملوں کے باعث لبنانی وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا دورہ منسوخ کر دیا ہے، نجیب میقاتی نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی جانب سے ہونے والے قتل عام کو روکے، اور شہریوں کو فوجی اور جنگی اہداف بننے سے بچانے کے لیے بین الاقوامی قوانین پر عمل درآمد کرائے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی فوج نے ہفتے کے روز لبنان پر 400 حملے کیے، جس کے بعد حزب اللہ نے بھی اسرائیل کے حیفہ شہر کے قریب رمات ڈیوڈ پر 20 راکٹ فائر کر دیے۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی جیٹ طیاروں نے جنوبی لبنان میں سیکڑوں مقامات پر بمباری کی ہے، جب کہ لبنانی گروپ اسرائیلی علاقے کے اندر میزائل داغ رہا ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے 290 اہداف پر حملہ کیا۔ اور آج صبح کے اوائل میں 110 دیگر مقامات پر حملوں کا بھی دعویٰ کیا۔
حزب اللہ نے کہا کہ اس نے حیفہ کے قریب اسرائیل کے رمات ڈیوڈ ایئربیس پر میزائلوں کے دو راؤنڈ داغے، حزب اللہ نے بعد میں رافیل دفاعی ٹیکنالوجی کمپنی کے احاطے پر ایک اور میزائل اور راکٹ حملے کا دعویٰ کیا۔
اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ رمات ڈیوڈ کو نشانہ بنانے والے حملے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے، جب کہ بعد کے حملوں میں کریات بیالیک میں تین دیگر زخمی ہوئے، جب کہ متعدد گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حزب اللہ نے آج صبح حیفہ پر 85 راکٹ داغے اور کچھ راکٹوں نے اثر کیا۔اسرائیلی فوج نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ لبنان میں حزب اللہ کے مزید اہداف پر حملے کرے گی، اور حملوں میں اضافہ ہوگا۔