‘لجو’ کا کردار دیکھنے کے بعد ریکھا نے گلے لگا لیا، رچا

بھارتی ویب سیریز ‘ہیرا منڈی دی ڈائمنڈ بازار’ میں عمدہ اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ رچا چڈھا نے اپنی اور لیجنڈری اداکارہ ریکھا جی کی ملاقات کا احوال سنا دیا ۔

رچا چڈھا نے حال ہی میں بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیا اور کھل کر نجی و پروفیشنل زندگی سے متعلق گفتگو کی۔

دورانِ انٹرویو ایک سوال کے جواب اداکارہ رچا چڈھا نے کہا کہ ہیرا منڈی کی اسکریننگ کے بعد مجھے ریکھا جی نے انتہائی گرم جوشی کیساتھ روتے ہوئے گلے لگا لیا، اس قدر حسین اور بہترین اداکارہ کی جانب سے یہ ردِ عمل دیکھنے کے بعد میرا بھی دل بھر آیا تھا ۔

رچا چڈھا نے گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اپنے لیے ریکھا جی کے منہ سے سنے گئے تعریفی کلمات کو میں کبھی بھول نہیں سکتی ، ان کے یہ الفاظ میرے دل کو چھو گئے ، مجھے لاجواب کر دیا، یہی نہیں وہ رات میں کبھی نہیں بھول سکتی جب انہوں نے مجھے ڈھیروں دعائیں دیں۔

ہیرا منڈی میں ‘لجو’ کا کردار نبھانے والی رچا کہتی ہیں کہ ویب سیریز میں میری ایک سولو ڈانس پرفارمنس ہے جو میں نے پرفارم کرنے سے پہلے اداکارہ ریکھا جی کی فلم امراؤ جان کے گانے ‘یہ کیا جگہ ہے دوستو’ کو بغور دیکھا ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اداکارہ رچا چڈھا اس وقت خبروں کی زینت بنی تھیں جب انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ اس ویب سیریز میں ڈانس پرفارمنس کیلئے انہوں نے 99 ری ٹیک دیے تھے۔

دورانِ شو ان سے سوال کیا گیا کہ آپ کا ہیرا منڈی کی شوٹنگ کے دوران سب سے اچھا اور سب سے برا دن کیا تھا؟ اس سوال کے جواب میں سب سے پہلے رچا چڈھا نے کہا کہ میرا برا اور اچھا دن ایک ہی تھا کیونکہ ڈانس میں ایک سین مجھ سے اچھے سے ہو نہیں پا رہا تھا اور اس کیلئے میں نے 99 ری ٹیک دیے یعنی کہ 99 مرتبہ صرف ایک ڈانس اسٹیپ کو اچھے سے کرنے کی کوشش کی۔

اس حوالے سےحال ہی میں اداکارہ رچا چڈھا نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ہیرا منڈی میں کیے گئے ڈانس کا ایک کلپ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں آج آخری مرتبہ کہہ رہی ہوں کہ جس سین کیلئے میں نے 99 مرتبہ ری ٹیک دیا تھا ، وہ شارٹ گانے میں استعمال ہی نہیں کیا گیا ،سمجھ جاؤ یارو۔

اپنا تبصرہ لکھیں