لندن:وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کا تاریخی کنونشن

لندن (نمائندہ خصوصی/اے ایف پی) — اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن چیئرمین سید قمر رضا کی جانب سےلندن میں شاندار کنونشن اور استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں نے شرکت کی۔ یہ تقریب لندن کے جے ڈبلیو میریٹ، گروسوینر ہاؤس ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ مہمانِ خصوصی وزیراعظم شہباز شریف تھے۔

اس تاریخی کنونشن اور استقبالیہ میں وزیراعظم پاکستان نے اوورسیز پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے ان کے مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئےعملی اقدامات کا اعلان کیا۔ تقریب میں وفاقی وزراء چودھری سالک حسین، خواجہ آصف، عطا تارڑ اور اسحاق ڈار نے بھی خطاب کیا اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کو خوش آئند قرار دیا۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حل کیلئےاو پی ایف کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔

وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی چوہدری سالک حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کیلئےپرعزم ہے اور مستقبل میں مزید فلاحی و ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور حکومت ان کے مسائل حل کرنے کیلئےسنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ”پاکستان ترقی کی نئی رفتار کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، ہم ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کو درست کر کے ملک کو معاشی طور پر مستحکم کریں گے۔”

وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورۂ سعودی عرب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ”پاکستان کو اس دورے میں تاریخی کامیابیاں حاصل ہوئیں، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور قریبی ہو گئے ہیں، اور یہ کامیابی پوری پاکستانی قوم کی ہے۔”

تقریب سے خواجہ آصف، عطا تارڑ اور اسحاق ڈار نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ کنونشن میں ہزاروں افراد کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام موجودہ حکومت اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن دیکھنا چاہتے ہیں۔

“سیکیورٹی اور انتظامات”
تقریب میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ موبائل فونز ہال میں لے جانے کی اجازت نہیں تھی اور مہمانوں کو اپنے فون جمع کروانے پڑے۔ شرکاء کو داخلے کیلئےفوٹو آئی ڈی اور کیو آر کوڈ دکھانا لازمی تھا۔

یہ کنونشن نہ صرف اوورسیز پاکستانیوں اور حکومت پاکستان کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا باعث بنا بلکہ سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون اور قومی ترقی کیلئےنئے دروازے کھولنے میں بھی مددگار ثابت ہوا۔ شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ وہ پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں