لندن(نمائندہ خصوصی+ایجنسیاں) شمال مغربی لندن کے علاقے برینٹ (اسٹون برج) میں ہفتہ کی رات ایک دلخراش واقعے میں پاکستانی نژاد ماں اور اس کے تین بچے جاں بحق ہو گئے۔ آگ رات1:22 بجے ٹیلٹ کلوز میں واقع تین منزلہ گھر میں لگی، جس نے دو متصل مکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیاں اور تقریباً 70 فائر فائٹرز موقع پر پہنچے، تاہم ماں اور بچوں کو بچایا نہ جا سکا۔
نصرت عثمان 43 سالہ ماں،مریم میکائیل 15 سالہ بیٹی،موسیٰ عثمان 8 سالہ بیٹا جاں بحق ہونیوالےافراد ہیں.
متاثرہ خاندان کے دو دیگر افراد، ایک 13 سالہ لڑکی اور 71 سالہ خاتون، کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ خاتون کو علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے، جبکہ لڑکی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
“ہیرو ہمسایہ کی جرات مندی”
واقعے کے دوران ایک مقامی الیکٹریشن، وکٹر پیڈرا، نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گھر کی کھڑکی توڑ کر 71 سالہ خاتون اور 13 سالہ لڑکی کو بچایا۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندان کے سربراہ عثمان غنی کی چیخ و پکار سن کر انہوں نے فوری کارروائی کی۔
“تحقیقات اور گرفتاری”
میٹروپولیٹن پولیس نے جائے وقوعہ سے 41 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے، جسے بعد ازاں ذہنی صحت کے قانون کے تحت حراست میں لیا گیا۔ تحقیقات جاری ہیں اور پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس واقعے سے متعلق کسی بھی معلومات سے آگاہ کریں۔
“برادری کا ردعمل”
مقامی برادری اس واقعے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کر رہی ہے۔ پڑوسیوں نے متاثرہ خاندان کو “محبت کرنیوالا” اور “مہربان” قرار دیا ہے۔ برینٹ کے کونسلر طارق ڈار نے متاثرہ خاندان کیلئے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

