لندن (میٹروپولیٹن پولیس، ٹاور ہیملٹس کونسل، برطانوی میڈیا)ایسٹ لندن کے علاقے پوپلر میں واقع لینگڈن پارک کے باہر نصب برطانوی باکسنگ چیمپئن ٹیڈی بالڈوک کا کانسی کا مجسمہ چوری ہو گیا، جس کی مالیت تقریباً ایک لاکھ پاؤنڈ بتائی جا رہی ہے۔ چوروں نے مجسمے کو ٹخنوں سے کاٹ کر علیحدہ کیا اور جائے وقوع پر صرف باکسر کے جوتے چھوڑ گئے، جس کے بعد میٹروپولیٹن پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
میٹ پولیس کے ترجمان کے مطابق افسران ذمہ دار افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں اور تمام دستیاب شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے، تاہم تاحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ دوسری جانب ٹاور ہیملٹس کونسل، جو اس پارک کی نگرانی کرتی ہے، نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پولیس تحقیقات کے حصے کے طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مجسمہ تلاش کیا جا سکے اور ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔
مشہور باکسر کے پوتے مارٹن نے اس واردات کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر کہا کہ وہ اس واقعے پر مکمل طور پر دل شکستہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات ان کے دادا کا مجسمہ پوپلر، ایسٹ لندن سے چوری کر لیا گیا اور ذمہ دار افراد کے خلاف غصے کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مجسمے کی تلاش میں مدد کریں، تاہم انہیں خدشہ ہے کہ کہیں یہ مجسمہ اسکریپ دھات کے طور پر پگھلا نہ دیا گیا ہو۔
واضح رہے کہ مارٹن نے ہی 2014ء میں اس مجسمے کی تنصیب کے لیے مہم چلائی تھی اور ایک لاکھ پاؤنڈ جمع کیے تھے۔ یاد رہے کہ ٹیڈی بالڈوک نے 1927ء میں محض 19 سال کی عمر میں بینٹم ویٹ کیٹیگری میں عالمی ٹائٹل جیت کر برطانیہ کے کم عمر ترین باکسنگ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

