لندن کے بعد نیویارک میں بھی پی ایس ایل روڈ شو کروانے کا فیصلہ

لاہور (اسپورٹس ڈیسک)برطانیہ کے شہر لندن کے بعد امریکا کے شہر نیویارک میں بھی پی ایس ایل روڈ شو کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔امریکی شہر نیویارک میں پاکستان سپر لیگ کا روڈ شو آئندہ ہفتے کے اختتام پر ہونے کا امکان ہے، نیویارک روڈ شو میں قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا، ٹیسٹ کپتان شان مسعود اور سعود شکیل شرکت کریں گے۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے لندن میں پی ایس ایل روڈ شو کروانے کا اعلان کیا گیا تھا جو 7 دسمبر کو لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا۔لندن روڈ شو میں پی ایس ایل اور پی سی بی کے اعلیٰ عہدیداران شریک ہوں گے جبکہ لندن روڈ شو میں سابق کپتان بابر اعظم، صاحبزادہ فرحان اور حارث رؤف شرکت کر رہے ہیں۔

پی ایس ایل کی مقبولیت میں اضافے کے بعد دو نئی ٹیموں کی فروخت کے لیے تیاریاں تیز ہوگئی ہیں، نئی ٹیموں میں برطانوی سرمایہ کار گہری دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ روڈ شوز میں غیر ملکی سرمایہ کاروں، کمرشل پارٹنرز اور شائقین کی شرکت متوقع ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ لندن روڈ شو کا مقصد لیگ کے وژن، کمرشل ماڈل اور مستقبل کی حکمت عملی کو فروغ دینا ہے۔ لارڈز میں روڈ شو پاکستان کرکٹ کی عالمی شناخت کا ثبوت ہے جو لیگ کی بین الاقوامی اپیل میں مزید اضافے کا باعث بنے گا۔

پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ پاکستانی لیگ عالمی فالوونگ اور مضبوط کمرشل ویلیو رکھتی ہے، دو نئی ٹیموں کے اضافے سے سرمایہ کاروں کے لیے بڑے مواقع پیدا ہوں گے۔