لوئر کرم: بگن اوچت کے علاقے میں فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود کو پشاور منتلق کردیا گیا ہے، ان کے ساتھ چھ افراد مزید زخمی ہوئے تھے۔ واقعہ کے بعد بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ضلع کُرم کیلئے امدادی سامان پر مشتمل قافلے کی روانگی روک دی گئی ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ امن معاہدہ سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔
صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ زخمی ڈپٹی کمشنر کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور روانہ کیا گیا، ایک زخمی محافظ کو بھی ہیلی کاپٹر میں منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود کی حالت مستحکم ہے۔ذرائع کے مطابق زخمیوں میں ایک ایف سی اور دو پولیس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔
ڈی جی ہیلتھ سروس کو بھجوائی گئی آج نیوز کو موصول ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ واقعے کے بعد لوئر کرم کے مختلف اسپتالوں میں زخمی لائے گئے، زخمیوں میں ڈی سی جاوید اللہ محسود، نذر باز، رفیع اللہ، رضوان شامل ہیں، وصل خان، حاجی اور رخمین شامل ہیں۔