’لو گُرو‘ کی شوٹنگ کے دوران ہمایوں سعید پر غصہ آگیا تھا: ندیم بیگ

کراچی(کلچرل ڈیسک)رومانوی مزاحیہ فلم ’لو گُرو‘ کے ہدایتکار ندیم بیگ نے انکشاف کیا ہے کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران لندن میں ایک موقع ایسا بھی آیا جب انہیں معروف اداکار ہمایوں سعید پر غصہ آگیا تھا۔

یہ انکشاف انہوں نے فلم کی کاسٹ کے ہمراہ ندا یاسر کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شرکت کے دوران کیا۔ پروگرام میں ہمایوں سعید، ماہرہ خان اور احمد علی بٹ بھی موجود تھے۔

ندیم بیگ نے بتایا کہ لندن میں شوٹنگ کے دوران ایک دن ہمایوں سعید طبیعت کی خرابی کے باوجود وقت پر سیٹ پر پہنچے لیکن چونکہ لوکیشن پر دن کی روشنی محدود تھی اسلئے انہیں شدید دباؤ کا سامنا تھا”ہمایوں سیٹ پر پہنچ گئے لیکن صرف آدھے گھنٹے کی روشنی باقی تھی اسلئے میں بہت غصے میں تھا۔ میں نے ان سے کوئی بات نہیں کی بس ’ایکشن‘ کہا اور میرے انداز سے ہی اندازہ ہو گیا ہوگا کہ میں ناراض ہوں۔”

اس صورتحال پر اداکارہ ماہرہ خان نے مسکراتے ہوئے ردعمل دیا اور سیٹ پر ہنسی کا ماحول بن گیا۔ندیم بیگ نے مزید انکشاف کیا کہ اگرچہ سیٹ پر زیادہ تر اداکار پیشہ ورانہ رویہ رکھتے ہیں مگر احمد علی بٹ ہمیشہ شرارت سے ماحول خوشگوار بناتے ہیں۔

وہ اکثر کہتے ہیں”پہلے میرا سین شوٹ کروائیں!”

جس پر ندیم بیگ مسکراتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ کبھی ان کی یہ ضد نہیں مانتے۔

فلم ’لو گُرو‘ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز ہو چکی ہے۔ اس فلم میں ہمایوں سعید ایک دل پھینک عاشق کے کردار میں نظر آ رہے ہیں، جو زندگی میں پہلی بار سچی محبت کا تجربہ کرتے ہیں۔ فلم کی کہانی واسع چوہدری نے لکھی ہے جبکہ پروڈکشن ہمایوں سعید اور دیگر شراکت داروں کی جانب سے کی گئی ہے۔

’لو گُرو‘ کو لندن میں عکس بند کیا گیا ہے، اور یہ فلم ناظرین کو رومانس، مزاح اور جذبات کی ایک منفرد دنیا میں لے جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں