حیدرآباد : بھارت میں محبت کے نام پر لڑکی سے ملنے کیلئے چھپ کر آنے والے لڑکے کو لینے کے دینے پڑگئے، لڑکی کے اہل خانہ نے دونوں کو پکڑ کر فیصلہ کرادیا۔
بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع کرشنا کے علاقے میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، جہاں لڑکے اور لڑکی کو ملتا دیکھ کر اسی وقت ان کی شادی کروادی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس کا کنا ہے کہ لڑکی اپنی خالہ کے پاس رہتی تھی کیونکہ اس کی ماں کا انتقال ہوچکا تھا۔ کچھ عرصہ سے سورم پلی گاؤں کا رہنے والا شری کانت نامی نوجوان محبت کے نام پر لڑکی کے گھر آتا جاتا تھا، جسے مقامی افرا د نے دیکھ لیا۔
اسی دوران ہفتہ کی رات بھی جب لڑکا لڑکی سے ملنے کیلئے اس کے گھر آیا تو لڑکی کے رشتہ داروں نے اسے پکڑ کر رسیوں سے باندھ دیا اور اس پر زور دیا کہ وہ اس لڑکی سے شادی کرے۔ اس واقعہ کی اطلاع لڑکے نے اپنے والدین کو دی۔
لڑکے اور لڑکی کا تعلق مختلف ذاتوں سے ہونے پر لڑکے کے والدین اس شادی کیلئے راضی نہیں ہوئے تاہم دونوں کے بزرگوں کی موجودگی میں لڑکی کی شادی زبردستی لڑکے کے ساتھ کرادی گئی۔
اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فریقین کو پولیس اسٹیشن میں طلب کیا اور ان کی کونسلنگ کی۔ بعد ازاں لڑکی کو ریسکیو ہوم منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں کوئی مقدمہ درج نہیں کیا۔