وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک کے بدنام زمانہ اشتہاری ملزم محمد سلیمان کو گجرات سے گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا ہے، ایف آئی اے گجرانوالہ زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ریڈ بک کے انتہائی مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔
اشتہاری ملزم محمد سلیمان کے خلاف 7 سے زائد مقدمات درج تھے، ملزم کے خلاف کمپوزٹ سرکل گجرات نے سال 2023 میں مقدمات درج کئے تھے، ملزم کا نام ریڈ بک کے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہے۔
گرفتار ملزم نے متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام کروڑوں روپے ہتھیائے ہیں، ملزم نے 7 متاثرین سے فی کس 24 لاکھ روپے وصول کئے تھے، ملزم نے گینگ کے دیگر ملزمان کی مدد سے متاثرین کو پہلے لیبیا براستہ مصر اور دبئی بھجوایا۔
متاثرین کو لیبیا میں موجود سیف ہاؤسز میں نہایت برے حالات میں رکھا گیا تھا، بعد ازاں ملزم نے متاثرین کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی، کشتی حادثے میں متاثرہ شہریوں کی موت واقع ہوگئی تھی۔
ایف آئی اے کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو گجرات سے گرفتار کیا گیا ہے، ملزم کی گرفتاری کے لیے متعدد بار چھاپے مارے گئے تھے، ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔