ماسکو میں شام کے سفارت خانے پر دمشق فتح کرنے والی فورسز کا جھنڈا لہرا دیا گیا

ماسکو: بشار الاسد کے اقتدار کے خاتمے کے بعد روس کے دارالحکومت ماسکو میں شام کے سفارت خانے پر دمشق فتح کرنے والی فورسز کا جھنڈا لہرا دیا گیا۔

روسی میڈیا کے مطابق سابق صدر بشار الاسد مخالف فورسز کی دمشق پر یلغار سے پہلے ملک چھوڑ چکے تھے، بشار الاسد خاندان سمیت ماسکو میں ہیں اور انھوں نے سیاسی پناہ حاصل کر لی ہے۔

ادھر اردن کے دارالحکومت عمان میں شامی سفارت خانے کی عمارت سے شامی پرچم ہٹا دیا گیا ہے۔ اردن کے سرکاری میڈیا نے ایک ویڈیو نشر کی، جس میں جھنڈے کو ہٹاتے ہوئے دکھایا گیا ہے، تاہم اس بارے میں کوئی اطلاعات نہیں ہیں کہ اپوزیشن کا جھنڈا لہرایا گیا ہے یا نہیں۔

اردن میں شامی سفارت خانے کے آفیشل فیس بک پیج پر شامی انقلاب کا جھنڈا پوسٹ کیا گیا ہے، سفارت خانے نے الاسد کے خاتمے کے اعلان کے بعد ایک اعلامیہ میں کہا کہ شامی شہریوں کو خدمات کی فراہمی معمول کےمطابق جاری رہے گی۔

دوسری طرف کریملن نے کہا ہے کہ شام میں اس کے اڈوں کے مستقبل پر بات کرنا ابھی قبل از وقت ہے۔ ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ اقتدار میں آنے والوں کے ساتھ اس سلسلے میں بات چیت کی جائے گی، انھوں نے کہا پیوٹن اور بشار الاسد کے درمیان ابھی ملاقات نہیں ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ روس نے ایسے مشکل حالات میں شامی صدر کو تنہا نہیں چھوڑا، الجزیرہ کے مطابق بشار الاسد کو مبینہ طور پر ایک روسی طیارے کے ذریعے لاذقیہ میں روسی فضائی اڈے سے نکالا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں