مانچسٹر (اسپورٹس ڈیسک)انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تاریخ رقم کر دی، دو وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنا کر دو ٹیسٹ پلیئنگ ممالک کے درمیان سب سے بڑا اسکور قائم کر دیا۔
مانچسٹر میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں انگلش بلے بازوں نے پروٹیز باؤلرز کو بے بس کر دیا۔ فل سالٹ نے 60 گیندوں پر 141 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں آٹھ چھکے اور پندرہ چوکے شامل تھے، جبکہ کپتان جوز بٹلر نے سات چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 83 رنز اسکور کیے۔
یہ دو ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیموں کے درمیان کسی بھی ٹی ٹوئنٹی میچ کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 17ویں اوور میں 158 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ یوں انگلینڈ نے میچ 146 رنز سے جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کا سب سے بڑا اسکور 334 رنز چار وکٹوں پر زمبابوے نے گیمبیا کے خلاف گزشتہ سال بنایا تھا۔

