مونٹریال (نامہ نگار)ایئر کینیڈا نے کہا ہے کہ حالیہ ہڑتال کے دوران متاثر ہونے والے مسافروں کو نئی پالیسی کے تحت متبادل سفر پر آنے والے “کچھ اخراجات” واپس کیے جائیں گے۔
ایئر لائن کے مطابق 15 اگست سے 23 اگست کے درمیان جن مسافروں کی پروازیں منسوخ ہوئیں اور کمپنی دوبارہ بُکنگ نہ کرا سکی، وہ ریفنڈ یا اخراجات کے دعوے کے اہل ہوں گے۔ اس مقصد کیلئے ایئر کینیڈا کی ویب سائٹ پر ایک نیا فارم فراہم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے وہ مسافر بھی درخواست دے سکیں گے جنہیں پرواز کا صرف کچھ حصہ مکمل کرنا پڑا یا دیگر سفری ذرائع پر انحصار کرنا پڑا۔

“ایئر پیسنجر رائٹس” تنظیم کے صدر گیبور لوکاکس نے کہا کہ اس فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایئر کینیڈا نے بالآخر اپنی قانونی ذمہ داری تسلیم کر لی ہے کیونکہ “پیسنجر پروٹیکشن ریگولیشنز” کے تحت منسوخ شدہ پرواز کی صورت میں مسافروں کو 48 گھنٹوں میں متبادل پرواز فراہم کرنا لازمی تھا۔
ایئر کینیڈا نے واضح کیا کہ متاثرہ مسافروں کو مکمل ریفنڈ، مستقبل کے سفر کیلئےکریڈٹ یا حریف ایئرلائنز پر بُکنگ کی سہولت بھی دی جا رہی ہے، تاہم موسمِ گرما کی مصروف سفری صورتحال کے باعث گنجائش محدود ہے۔ ریفنڈ صرف انہی مسافروں کو مل سکے گا جنہوں نے براہِ راست ایئر کینیڈا سے ٹکٹ خریدا تھا۔
کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر مارک نصر نے کہا کہ تین روزہ فضائی میزبانوں کی ہڑتال کے بعد آپریشنل بحالی میں وقت لگے گا۔ پروازیں دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں، مکمل شیڈول بحال ہونے میں دس روز لگ سکتے ہیں۔
ایئر کینیڈا نے اس سلسلے میں اپنی ویب سائٹ پر ایک آن لائن ڈیش بورڈ بھی متعارف کرایا ہے جہاں عوام پروازوں کی بحالی کی رفتار دیکھ سکیں گے۔

