متحدہ عرب امارات میں عوامی شمولیت سے حکمرانی کا نیا نظام متعارف

ابوظہبی(ایجنسیاں)متحدہ عرب امارات کی حکومت نے عوام کو فیصلوں میں براہِ راست شامل کرنے کے لیے نئی سرکاری اتھارٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے نئے ادارے ’کمیونٹی مینیجڈ ورچوئل اتھارٹی‘ کا قیام متعارف کرایا، جسے مکمل طور پر اماراتی شہری چلائیں گے۔

اس نئے نظام کے تحت عام شہری، ماہرین، نوجوان، کاروباری افراد اور ریٹائرڈ لوگ باری باری اتھارٹی کی ذمہ داری سنبھالیں گے اور انتخاب اہلیت، تجربے اور صلاحیت کی بنیاد پر کیا جائیگانہ کہ روایتی ووٹنگ کے ذریعے۔

سرکاری بیان کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام کو صرف ووٹ دینے تک محدود نہ رکھنا بلکہ انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں براہِ راست شریک کرنا ہے۔ نئی اتھارٹی ایسے منصوبے تیار کرے گی جو فوری طور پر نافذ کیے جا سکیں اور عوام کی زندگی میں بہتری لائیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نظام جدید اور شراکتی جمہوری ماڈل ہے جو حکومتی فیصلوں کی شفافیت اور عوام کے اعتماد کو مضبوط کرے گا۔