متحدہ عرب امارات میں غیرقانونی تارکین کو دی گئی مہلت میں توسیع نہیں کی جائے گی

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں اماراتی فیڈریشن آف امیگریشن نے کہا ہے کہ غیرقانونی تارکین کو دی گئی مہلت میں توسیع نہیں کی جائے گی۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں موجود غیرقانونی تارکین کو دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد یکم نومبر 2024 سے تفتیشی مہم کا آغاز کردیا جائے گا۔

امارات الیوم کے مطابق دبئی میں مقیم ایسے غیرملکی جن کے اقامہ سٹیٹس درست نہیں ہیں انہیں حکومت نے دو ماہ کی مہلت دی تھی تاکہ اس دوران وہ بغیر کسی جرمانے یا اضافی فیس کے اپنا اسٹیٹس درست کروالیں۔

اس مہلت سے وہ تارکین بھی مستفیض ہو سکتے ہیں جن کے اقاموں کی مدت ختم ہوچکی ہے اور وہ مستقل طورپر اپنے ملک جانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ ایسے افراد مہلت کے دوران اپنے سفر کو قانونی بنانےکیلئے مہلت سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق دی گئی مہلت کے دوران اصلاح حال کرانے والوں کو بلیک لسٹ میں شامل نہیں کیا جائے گا جس کے بعد وہ جب چاہیں دوسرے ویزے پر امارات کا سفر کرسکتے ہیں۔

فیڈریشن آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئرسہیل سعد الخییلی کے مطابق ’مہلت 31 اکتوبر 2024 کو ختم ہو جائے گی جس کے بعد تفتیشی مہم کا آغاز کردیا جائے گا‘۔ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئرسہیل سعد الخییلی کے مطابق دوران تفتیش گرفتار ہونے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں جرمانے اور ملک بدری کی سزا شامل ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں