متحدہ عرب امارات نے افغان طالبان کے سفیر کی اسناد سفارت قبول کرلیں

متحدہ عرب امارات نے افغان طالبان کے سفیر کی اسناد سفارت قبول کرلیں۔ کابل سے افغان میڈیا کے مطابق سفیر بدرالدین حقانی نے یو اے ای کے پروٹوکول امور کے نائب وزیر سیف عبداللّٰہ الشمسی کو اپنی اسناد پیش کیں۔افغان وزارت خارجہ کے مطابق بدرالدین حقانی نے کہا کہ افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قیمتی اور تاریخی تعلقات ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کے مسلسل تعاون اور حمایت پر شکر گزار ہیں۔ یو اے ای کے پروٹوکول امور کے نائب وزیر سیف عبداللّٰہ الشمسی نے اس حوالے سے کہا کہ نئے افغان سفیر کی تقرری سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ افغان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سفیر بدرالدین حقانی جلد باضابطہ تقریب میں متحدہ عرب امارات کے صدر کو باضابطہ طور پر اپنی اسناد سفارت پیش کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات، چین کے بعد دوسرا ملک ہے جس نے طالبان کے مقرر کردہ سفیر کی اسناد قبول کی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں