محسن نقوی سےایشیا کپ کی ٹرافی لینے سےبھارتی کرکٹ ٹیم کا انکار

دبئی( نمائندہ خصوصی)ایشیا کپ فائنل کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم نے صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا، جس کے باعث اختتامی تقریب تاخیر کا شکار ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق بھارتی ہٹ دھرمی کے جواب میں محسن نقوی بھی ڈٹ گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم نے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا کیونکہ تقریب میں صدر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) محسن نقوی موجود تھے۔ اس رویے کے باعث اختتامی تقریب مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکی اور دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کے رویے کے باوجود محسن نقوی نے بھی دباؤ قبول کرنے سے انکار کیا اور موقف اختیار کیا کہ ٹرافی کی تقسیم حسبِ روایت اے سی سی صدر کے ہاتھوں ہی ہوگی۔

واضح رہے کہ فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر نواں ایشیا کپ جیتا۔ پاکستان کی ٹیم 146 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، جس کے جواب میں بھارت نے 2 گیندیں قبل ہدف حاصل کرلیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے پاک-بھارت میچ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا تھا اور ایک سیاسی بیان دیتے ہوئے جیت کو بھارتی فوج کے نام کیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بیان پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو شکایت کی تھی، جس پر میچ ریفری رچی رچرڈ سن نے کپتان سوریا کمار یادو پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا تھا۔

بھارتی ٹیم کے حالیہ رویے نے کھیل میں سیاست کی جھلک ایک بار پھر نمایاں کر دی ہے، جبکہ ایشیا کپ کی اختتامی تقریب غیر معمولی تاخیر کا شکار رہی۔

اپنا تبصرہ لکھیں