مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات، 17 افراد جاں بحق، 22 زخمی

لاہور(نیوزڈیسک)مختلف شہروں میں ہونیوالے ٹریفک حادثات میں خواتین سمیت 17 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے۔ کوٹ مومن میں تیز رفتارگاڑی کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے 3 بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ بچہ کلاں کے مقام پر پیش آیا، حادثے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں 18 سالہ ایمان، 16 سالہ آزان اور 10 سالہ فیضان موقع پر ہی دم توڑگئے، پولیس نے تینوں بہن بھائیوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کردی۔

ملتان سے خانیوال جانے والی مسافر وین سہو چوک کے قریب کنٹینر سے ٹکرانے کے بعد ڈیوائڈر سے ٹکراگئی۔حادثے میں 3 مسافر جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے، لاشیں اور زخمیوں کو نشتر ہسپتال منتقل کردیاگیاہے۔وہاڑی میں تیز رفتار ٹریلر کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار میاں بیوی اور بچی موقع پر دم توڑ گئے۔

ساہیوال میں دو موٹرسائیکلوں اور رکشہ میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔شیخوپورہ فیض پور انٹر چینج کے قریب تیز رفتار کار ٹریلر سے ٹکرانے سے 2 افراد موقع پر دم توڑ گئے جب کہ حادثے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئےہیں۔

ایبٹ آباد میں حویلیاں انٹرچینج کے قریب تیز رفتار کار بے قابو ہوکر ٹرک سے ٹکرانے سے میاں بیوی سمیت 3 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔کوہاٹ کے علاقے درہ آدم خیل میں شادی کی تقریب میں پشاور سے کوہاٹ جانے والی کار حادثے کا شکار ہوگئی، حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں