اسلام آباد : مخصوص نشستوں کیلئےپی ٹی آئی پھرسپریم کورٹ پہنچ گئی اور مخصوص نشستیں دیگرجماعتوں کوتقسیم سےروکنے کی استدعا کردی۔مخصوص نشستوں کیلئے تحریک انصاف نے پھر سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے عزیر کرامت بھنڈاری کے ذریعے درخواست دائر کی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت عظمٰی وضاحت کرے کہ اس ترمیمی ایکٹ سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں روکا جاسکتا، عدالت وضاحت کرے کہ الیکشن کمیشن اسپیکرز کے خطوط کو نظر انداز کر دے۔
درخواست میں کہنا ہے کہ عدالت وضاحت کرے کہ چودہ ستمبر کی عدالتی وضاحت کے مطابق الیکشن کمیشن بارہ جولائی کے فیصلے پر من و عن عمل کرنے کا پابند ہے۔
درخواست گزار نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں انتالیس ارکان اسمبلی کو تحریک انصاف کا رکن قرار دیا، عدالتی فیصلے کی روشنی میں باقی اکتالیس ارکان نے اپنے بیان حلفی الیکشن کمیشن کو جمع کرائے، الیکشن کمیشن نے تاحال اکتالیس ارکان کا نوٹیفیکیشن جاری کیا نہ مخصوص نشستیں الاٹ کیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بارہ جولائی کے مختصر فیصلے کے پیراگراف دس کی وضاحت کی جائے، عدالت وضاحت کرے کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ کا بارہ جولائی کے فیصلے پر اطلاق نہیں ہوتا۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ اسپیکر قومی و صوبائی اسمبلی کے خطوط کی کوئی آئینی قانونی حیثیت نہیں، الیکشن کمیشن اسپیکر قومی اسمبلی کے خط کو مسترد کرے اور عدالت الیکشن کمیشن کو دیگر سیاسی جماعتوں کو مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ روکنے کا حکم دے۔