اسلام آباد سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان مخصوص نشستوں سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
مولانا فضل الرحمان نے اہم کیس کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر حتمی رائے آئینی اور قانونی ماہرین ہی دے سکتے ہیں، جے یو آئی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جزوی طور پر تسلیم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصلے پر پی ٹی آئی کے ساتھ خیر سگالی کا اظہار کرتے ہیں، امید ہے دونوں جماعتوں کے تعلقات میں بہتری کیلیے مفید ثابت ہوگا، تحفظات دور کرنے کیلیے مذاکرات ماحول تشکیل دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی (ف) بطور جماعت اپیل دائر نہیں کرے گی، انفرادی طور پر کسی کو اپیل کا حق استعمال کرنے سے نہیں روک سکیں گے، اپیل متاثر ہونے والے افراد کا حق ہے لیکن بطور جماعت اپیل نہیں کریں گے۔
یاد رہے سپریم کورٹ نے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیتے ہوئے مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں کو دینے کا فیصلہ غیر قانونی قرار دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے مخصوص سیٹوں کا فیصلہ آٹھ پانچ سے سنایا جس کا اطلاق قومی اور تمام صوبائی اسمبلیوں پر ہوگا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین کے خلاف تھا، پی ٹی آئی سیاسی جماعت تھی اور رہے گی، انتخابی نشان کسی سیاسی جماعت کو الیکشن لڑنے سے نہیں روکتا۔
الیکشن کمیشن نے اسی ارکان اسمبلی کی فہرست پیش کی، جس میں سے انتالیس ارکان کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا، پی ٹی آئی مخصوص نشستوں کیلئے درخواستیں الیکشن کمیشن کو پندرہ دن میں جمع کرائے۔