مدارس بل پر اعتراض، مولانا نے ’حکومت مردہ بعد‘ نعرے کی دھمکی دے دی

جے یو آئی (ف) سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مدارس بل رجسٹریشن اعتراض پر ’حکومت مردہ بعد‘ نعرے لگانے کی دھمکی دے دی۔

پشاور میں جامعہ عثمانیہ کی تقریب میں مولانا فضل الرحمان نے سوال کیا کہ کیا دینی مدارس بل پر صدر آصف زرداری کے اعتراضات بدنیتی نہیں، اعتراض پر غور کرنا تو کیا میں انہیں چمٹے سے پکڑنے کے قابل بھی نہیں سمجھتا۔

انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کو دباؤ میں رکھنا انتہا پسندی کی طرف دھکیلنا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کل اسرائیل مردہ باد ریلی میں حکومت مردہ بعد کا نعرہ لگانے کی بھی دھمکی دی اور کہا کہ دیکھتے ہیں آپ کا دباؤ چلتا ہے یا ہمارا دباؤ کام کرتا ہے۔

گزشتہ روز حکومت کے خلاف لانگ مارچ کی دھمکی سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ہم اس میں سنجیدہ ہیں، اب 8 دسمبر کو اسرائیل مردہ باد کانفرنس یا ملین مارچ پشاور میں ہونے جا رہا ہے، اس میں ہم اپنا مؤقف پوری قوم کے سامنے پیش کریں گے۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حکومت کے لوگ بھی ساتھ ساتھ رابطے میں آ رہے ہیں، ان کے ساتھ بھی ہماری بات چیت جاری ہے، دوسری طرف وفاق المدارس العربیہ یا جو ہماری اتحادی تنظیم مدارس دینہ ہے، ان کے ساتھ بھی ہمارا رابطہ ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ یہ بہت بڑی زیادتی ہے اور ملکی سیاست میں عدم اعتماد کا سبب بنے گا، ہم چاہتے ہیں کہ سیاست میں اعتماد کا ماحول آئے اور ایک معتدل قسم کی سیاست وجود پائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں