مدینہ منورہ:بس اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم، 42 بھارتی زائرین جاں بحق

مدینہ منورہ (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت سے سعودی عرب عمرہ کی ادائیگی کیلئے جانے والے زائرین کی بس مدینہ کے قریب آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 45 افراد جاں بحق ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی سفارتخانے نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والوں میں بھارتی زائرین شامل تھے، جو مکہ مکرمہ میں عمرہ کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ جا رہے تھے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “مدینہ میں بھارتی شہریوں سے متعلق حادثے پر دل دکھا ہے، میری دعائیں اُن خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا”۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئےبھی دعا کی اور بتایا کہ ریاض میں بھارتی سفارتخانہ اور جدہ قونصلیٹ متاثرین کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق بس میں 45 سے 46 افراد سوار تھے جن کا تعلق بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد سے تھا، زائرین میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ تصادم کے بعد بس اور آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی جس سے تمام مسافر جاں بحق ہوگئے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں مقدس مقامات کے درمیان سفر کے دوران ایسے حادثات پہلے بھی پیش آچکے ہیں۔ مارچ 2023 میں اسی نوعیت کے واقعے میں 20 زائرین جاں بحق ہوئے تھے جبکہ اکتوبر 2019 میں مدینہ کے قریب ایک اور حادثے میں 35 افراد جان سے گئے تھے۔