کراچی (شوبز ڈیسک)پاکستان کی سینئر اداکارہ اور ہدایت کارہ مرینہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ مرنے سے قبل ایک بار ڈرگز (منشیات) آزما کر دیکھیں تاکہ یہ سمجھ سکیں کہ لوگ اس کے اتنے دلدادہ کیوں ہوتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ مرینہ خان نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر بات کی۔ گفتگو کے دوران انہوں نے ایک دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ ایک موقع پر وہ، شہناز شیخ، لیلیٰ زبیری اور شکیل صاحب کے ساتھ شارجہ میں منعقدہ میچز دیکھنے گئیں۔ وی آئی پی سیلیبرٹی پویلین میں بیٹھ کر میچ دیکھنا ان کے لیے ایک عجیب اور حیرت انگیز تجربہ تھا کیونکہ انہوں نے خود کو کبھی سیلیبرٹی محسوس نہیں کیا تھا۔
مرینہ خان کے مطابق جب میچ کے بعد وہ گاڑی میں روانہ ہوئیں تو اچانک ہزاروں مداحوں کے ہجوم نے گاڑی کو گھیر لیا، جس سے انہیں اندازہ ہوا کہ شہرت کا تجربہ کیسا ہوتا ہے۔
پوڈکاسٹ کے میزبان احمد علی بٹ نے جب ان سے پوچھا کہ کوئی ایسی چیز جو وہ اپنی زندگی میں آزمانا چاہتی ہوں تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ مرنے سے پہلے ڈرگز کو آزمانے کی خواہش رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جاننا چاہتی ہیں کہ آخر لوگ اس کے پیچھے دیوانے کیوں ہوتے ہیں، اور منشیات میں ایسی کیا کشش ہے جو انسان کو اپنی گرفت میں لے لیتی ہے۔
مرینہ خان نے یہ بھی بتایا کہ ان کی پرورش ایک آزاد خیال خاندان میں ہوئی، جہاں کسی چیز پر سختی نہیں تھی، تاہم وہ خود محتاط مزاج تھیں اور اسی لیے کبھی ایسا تجربہ نہیں کیا۔ ان کے بقول، اب چونکہ عمر کا ایک حصہ بیت چکا ہے، تو دل میں خیال آتا ہے کہ شاید زندگی کے اختتام سے قبل ایک بار اس کا تجربہ کر لینا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ سب سے پہلے بھنگ کا استعمال کر کے دیکھیں، لیکن منشیات کے بعد قابو کھونے کی کہانیوں کے باعث انہوں نے اب تک ایسا قدم نہیں اٹھایا۔ اگر کبھی ایسا سوچا بھی تو وہ قریبی، قابل اعتماد لوگوں کی موجودگی میں ہی ایسا کرنا پسند کریں گی۔

