مری(نامہ نگار)مری میں شدید برفباری کے بعد ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ شہر کے اندر موجود تقریباً 5 ہزار گاڑیوں کو بحفاظت نکالنے کے لیے ریسکیو اور انخلا آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہیوی مشینری، کرینیں اور لوڈرز شاہراہوں سے برف ہٹانے میں مصروف ہیں، تاہم حدِ نگاہ صفر ہونے کے باعث مری میں مزید گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر مری کا کہنا ہے کہ سیاحوں کی حفاظت انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور تمام دستیاب وسائل انخلا کے عمل کے لیے وقف کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اور انتظامیہ کی ٹیمیں سڑکوں پر موجود ہیں اور سیاحوں کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ پریشان نہ ہوں۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو فوری طور پر مری کا سفر ترک کرنے اور گاڑیوں میں ہیٹر استعمال کرنے کی صورت میں آکسیجن کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب تک آخری سیاح محفوظ طریقے سے مری سے باہر نہیں نکل جاتا، تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے۔

