مزارِ شریف (ایجنسیاں)افغانستان کے شمالی شہر مزارِ شریف اور گردونواح میں پیر کی صبح 6.3 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی۔ صوبائی حکام کے مطابق اب تک کم از کم 10 افراد جاں بحق اور 260 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کا مرکز مزارِ شریف سے 28 کلومیٹر زیرِ زمین تھا۔ زلزلے کے جھٹکوں سے متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں اور لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔صوبہ سمنگان کے محکمہ صحت کے ترجمان سمیم جویندہ نے بتایا کہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
صوبہ بلخ کے ترجمان حاجی زید نے تصدیق کی کہ زلزلے کے باعث مزارِ شریف کے ایک مقدس مقبرے کا حصہ منہدم ہو گیا ہے۔امریکی جیولوجیکل سروے کے پیجر نظام نے نارنجی الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ زلزلہ نمایاں جانی نقصان اور بڑے پیمانے پر تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔
افغان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق نقصانات کی تفصیلی رپورٹ بعد میں جاری کی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں امدادی کارکنوں کو ملبے تلے دبے افراد کو نکالتے اور عمارتوں کے ٹوٹے ہوئے حصوں میں کام کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ افغانستان دو بڑی فالٹ لائنز پر واقع ہونے کے باعث زلزلوں کے لیے نہایت حساس ملک ہے۔
رواں سال اگست میں آنے والے زلزلوں کی لہر میں سینکڑوں افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے، جبکہ 2015 اور 2023 کے زلزلوں میں بھی ملک کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

