مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے تین دہشتگرد ہلاک، میجراور سپاہی شہید

مستونگ(نمائندہ خصوصی) — بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کے ایک خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جب کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر زید سلیم اور سپاہی نظم حسین شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے جمعرات کو ایک بیان میں بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع مستونگ میں ایک خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے ایک اہم ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران تین دہشتگرد مارے گئے۔

آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 31 سالہ میجر زید سلیم ولد سلیم اللہ، سکنہ خوشاب، جو فرنٹ لائن پر اپنی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے، دشمن کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔ ان کے ہمراہ 22 سالہ سپاہی نظم حسین ولد گلزار حسین، سکنہ جہلم، بھی شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں مزید دہشتگردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے تاکہ کسی بھی خطرے کا خاتمہ کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ “پاکستانی افواج بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، اور ہمارے بہادر سپوتوں کی یہ عظیم قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔”

شہداء کی قربانیوں پر قوم غم زدہ ہے، تاہم ان کی جرات اور ایثار وطنِ عزیز کے تحفظ کی ضمانت ہیں۔ سیکیورٹی اداروں نے عزم دہرایا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، اور ملک میں امن و استحکام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں