اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجا ناصر عباس نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے معاملے پر اسلام آباد پولیس اور وزارت داخلہ کو جوابدہ ہونا ہوگا۔
اسلام آباد میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجا ناصر عباس کا کہنا تھا کہ اس افسوسناک واقعے میں شہید ہونیوالوں کی بڑی تعداد طلبہ پر مشتمل ہے اور قوم غم و اندوہ میں ڈوبی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس سانحے پر متعلقہ اداروں سے جواب طلب کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق حکومت کا اختیار عوام کے منتخب نمائندوں کو حاصل ہے اور پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر کیے جانے والے ہر اقدام کی مذمت کی جائے گی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ نواز کھوکھر نے الزام عائد کیا کہ مختلف شہروں میں دکانیں زبردستی کھلوائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی تاہم وہ پُرامن انداز میں ریلی میں شریک ہوئے اور ہر قسم کے جبر کی مذمت کرتے ہیں۔

