ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی)اونٹاریو کی صوبائی انتخابات میں پروگریسو کنزرویٹو (پی سی) پارٹی کی امیدوار سیلویا گوالٹیری نے مسس ساگا ایسٹ-کک سویل کے حلقے میں اونٹاریو لبرل پارٹی کی رہنما بونی کرومبی کو شکست دے دی ہے۔
سیلویا گوالٹیری ایک مالیاتی خدمات کی پیشہ ور اور طویل عرصے سے کنزرویٹو تنظیم کی رکن ہیں۔ انہوں نے 2022 کے مسس ساگا میونسپل انتخابات میں وارڈ 2 کی نشست کیلئے بھی حصہ لیا تھا، جہاں وہ تیسرے نمبر پر آئیں۔ گوالٹیری برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن کی ساس اور مسسی ساگا-لیک شور کے موجودہ پی سی ایم پی پی روڈی کزیتو کی بہن ہیں۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق، گوالٹیری نے 46 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ بونی کرومبی 43 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔ گوالٹیری انتخابی دوڑ میں ابتدا سے ہی آگے رہیں اور اپنی لیڈ کو برقرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
میڈیاسے گفتگو کے دوران گوالٹیری نے کہا کہ ان کی انتخابی مہم زیادہ مؤثر تھی اور یہی ان کی کامیابی کی بڑی وجہ بنی۔یہ شکست بونی کرومبی کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے، کیونکہ وہ لبرل پارٹی کو دوبارہ مضبوط کرنے کے مشن پر تھیں۔ تاہم، انہوں نے پارٹی کی قیادت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

